58

T20میں پاکستان کی پہلی پوزیشن برقرار

T20میں پاکستان کی پہلی پوزیشن برقرار

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تیسرا T20 میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا ہے۔
تیسرے میچ کی منسوخی کے باوجود پاکستان نے T20 سیریز 2-0 سے اپنے نام کر کے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی T20 رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے قذافی سٹیٹیم لاہور میں شروع ہونا تھا تاہم پیر کے دن میچ کے آغاز سے پہلے ہی بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے ٹاس بھی نہ ہوسکا۔
بارش کا سلسلہ کچھ دیر کے لیے رکا تو پچ سے کورز ہٹا دیے گئے اور گراونڈ خشک کرنے کا آغاز ہوا لیکن موسم نے شائقین کرکٹ کے امیدوں پر اس وقت پانی پھیر دیا جب ایک بار پھر بارش برسنے لگی۔ اس کے بعد امپائرز کو میچ منسوخ کرنا پڑا۔
پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں 5 جبکہ دوسرے میچ میں 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
آئی سی سی کی T20 رینکنگ میں پاکستان اس وقت 270 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے اور اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو اس سیریز میں بنگلہ دیش کے خلاف تمام میچز جیتنا لازمی تھے۔
پاکستان کے دورے پر آئی بنگلہ دیش کی ٹیم منگل کو واپس وطن روانہ ہو جائے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان T 20 ، ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز تین مرحلوں پر مشتمل ہے جس کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 7 فروری کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جس کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان واحد ون ڈے میچ 3 اپریل جبکہ 5 اپریل کو ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے تیسرے میچ کی منسوخی کے بعد اعلان کیا کہ اس میچ کے ٹکٹس ریفنڈ کر دیے جائیں گے۔ پی سی پی نے شائقین سے کہا ہے کہ انہوں نے جہاں سے ٹکٹیں خریدیں وہاں سے پیسے واپس لے سکیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں